سابق آرمی چیف راحیل شریف کی عام شہری والی تصویر کے سوشل میڈیا پر چرچے

سابق آرمی چیف راحیل شریف کی عام شہری والی تصویر کے سوشل میڈیا پر چرچے

لاہور:دبنگ انداز، دلیرانہ تقریر، دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انہیں للکارنے والا اور ضرب عضب آپریشن شروع کر کے دہشتگردوں کا صفایا کرنے والا پاکستانی فوج کے سابق سپہ سالار اعظم جنرل (ر) رحیل شریف آج کل پھر سوشل میڈیا کی خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ 

راحیل شریف کو اب تک سب نے پاک فوج کے یونیفارم میں ہی دیکھا ہے اور بہت کم ایسا ہوا ہے کہ ان کی نجی زندگی یا ایک عام شہری کے روپ میں کوئی تصویر منظرعام پر آئی ہو مگر اب ان کی ایک ایسی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے کہ پاکستانی انہیں دیکھتے ہی رہ گئے ہیں۔

اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راحیل شریف ایک عام سی خاکی ینٹ اور سبز رنگ کی ٹی شرٹ پہنے چہرے پر انتہائی پرسکون اور دلکش مسکراہٹ سجائے ایک زیر تعمیر عمارت میں کرسی پر براجمان ہیں اور ان کیساتھ ایک بزرگ بھی تشریف رکھے ہوئے ہیں۔ دونوں انتہائی بے تکلف وقت گزار رہے ہیں اور دونوں نے ہی سگریٹ بھی سلگا رکھے ہیں۔ اس تصویر میں جنرل (ر) راحیل شریف کے سامنے ایک ٹیبل بھی پڑی ہے جس پر چند پینسلیں اور کاغذات رکھے ہیں جبکہ ان کے عقب میں نظر آنے والے کمرے میں سیمنٹ کی بوریاں بھی رکھی دیکھتی جا سکتی ہیں جو مذکورہ عمارت کی تعمیر کیلئے وہاں رکھی گئی ہیں۔

اب یہ عمارت جنرل (ر) راحیل شریف کی اپنی ہے یا وہ کسی دوست یا عزیز کی زیر تعمیر عمارت میں بیٹھے ہیں؟ اس بارے تو کچھ نہیں کہا جا سکتا، البتہ ان کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور پاکستانی اپنے سابق آرمی چیف کو ایک عام شہری کے روپ میں دلکش مسکراہٹ چہرے پر سجائے دیکھ کر بہت خوش ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ جب وہ آرمی چیف کے عہدے پر فائز تھے تو پاکستان کیلئے ان کی خدمات کے باعث ایک جملہ ”شکریہ راحیل شریف“ بھی بہت مشہور ہوا۔ راحیل شریف اپنے عہدے کی مدت پوری کر کے سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد کی سربراہی کر رہے ہیں اور چند روز قبل وہ پاکستان بھی آئے تھے۔  سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کیخلاف فیصلہ کن آپریشن کے ذریعے پاکستانیوں کی خوب محبت سمیٹی اور تقریباً تمام ہی پاکستانی انہیں بہت پسند کرتے ہیں۔

مصنف کے بارے میں