وزیراعظم کے حکم پر ایف بی آر کے 12 اعلیٰ افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا

10:10 PM, 26 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پرایف بی آر کے 12 اعلیٰ افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 21 اور 22 کے 12 افسران کو عہدوں سے فارغ کرکے خدمات ایف بی آر ایڈمن پول کے سپرد کردی گئیں۔
ایف بی آر میں اربوں روپے کی چوری روکنے کے لیے شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر کے کرپٹ اور نااہل افسران کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر مکمل جانچ پڑتال کے بعد ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز کے گریڈ 21 اور گریڈ 22 کے 12 افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔
اس سلسلے میں دیگر محکموں میں ڈیپوٹیشن پر گئے کرپٹ ایف بی آر افسران کی خدمات بھی واپس لے کر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کرپٹ اور نااہل افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کرپشن میں ملوث افسران کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے۔
وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ کرپٹ اور نااہل افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کی جگہ ایماندار اور فرض شناس افسران کو اہم پوسٹوں پر لگایا جائے گا۔

مزیدخبریں