لاہور:ماڈل، اداکارہ و میزبان متھیرا کاکہنا ہے کہ اگر کسی دن اتفاق سے ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوا تو بہت سارے مردوں کی شادیاں ٹوٹ جائیں گی۔ ماڈل، اداکارہ ومیزبان متھیرا نے نجی ٹی وی کے شو میں شرکت پرایک سوال کے جواب میں کہاکہ اگر کسی دن اتفاق سے ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوا تو بہت سارے مردوں کی شادیاں ٹوٹ جائیں گی۔
متھیرا نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ 2005 اور 2006 میں جب وہ ایک چھوٹے ٹی وی چینل پر پروگرام کرتی تھیں، اس وقت انہیں اردو نہیں آتی تھی، اس لیے بہت سارے لوگ براہ راست فون کالز پر آکر ان کی بے عزتی کر جاتے تھے یا انہیں غلط باتیں سنا کر جاتے تھے لیکن انہیں وہ باتیں سمجھ نہیں آتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعد میں انہیں بتایا جاتا کہ کالر نے ان کی بے عزتی کی یا ان کے لیے نامناسب بات کی تھی۔ متھیرا نے واضح کیا کہ ابھی ان کے کسی سے تعلقات نہیں ہیں اور نہ ہی وہ کسی سے روابط استوار کرنا چاہتی ہیں کیوں کہ اب تعلقات اور محبت میں برداشت ختم ہو چکی ہے، ذرا سی بھی غلط بات پر رشتے ٹوٹ جاتے ہیں۔
شادی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کا فوری طور دوبارہ شادی کا ارادہ نہیں اور نہ ہی انہیں کہیں سے شادی کی پیش کش ہوئی ہے۔خوبرو پاکستانی مرد اداکاروں کے سوال پر متھیرا نے ہمایوں سعید اور شان کو پرکشش قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں ایسے ہی مرد سنبھال سکتے ہیں، باقی مردوں کو تو وہ اپنے اثر سے ختم کردیں گی۔
ایک اور سوال کے جواب میں متھیرا نے انکشاف کیا کہ ان کی بہن نے ہی ان کا فیس بک اکائونٹ اور دوسرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنائے تھے اور کچھ عرصے تک وہی انہیں چلاتی تھیں۔