لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر اقتدار میں آیا تو فوج میں کرپشن کرنیوالوں کو نہیں چھوڑوں گا۔ باجوہ نے ان چوروں کو مسلط کیا۔ 25 اپریل 2024 سے پہلے دوبارہ وزیر اعظم بن جاؤں گا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان نے حکومت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں سلیکٹڈ کہنے والے میدان میں آئیں اب تو امپائر اور اسٹیبلشمنٹ بھی تمہارے ساتھ ہیں ۔ الیکشن لڑکر دکھاؤ‘پی ٹی آئی کو جان بوجھ کر ہدف بنایا جارہا ہے‘ ہم بخوبی واقف ہیں کہ اس سب کے پیچھے کون ہیں ‘ باجوہ نے ان چوروں کو اپنی ایکسٹینشن کیلئے مسلط کیا‘پاکستان کا سارا سسٹم غلاموں کا بن گیا ہے ہم آزاد نہیں ہیں ۔
عمران خان نے کہا کہ میرے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن تاحال ایف آ ئی کے کی تحویل میں ہیں، وہ ایک سمندرپار مقیم پاکستانی ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ چھوڑا اور حقیقی آزادی کے نصب العین کے حصول میں ہمارا ہاتھ بٹانے پاکستان آئے۔
انہوں نے کہا کہ میری سیکورٹی کمزور کرنے اور تحریک انصاف کی صفوں میں خوف و ہراس پھیلانے کیلئے انہیں جان بوجھ کر ہدف بنایا جارہا ہے۔ ہم بخوبی واقف ہیں کہ اس سب کے پیچھے کون ہے ۔کارکنوں کو کہتا ہوں کے اگلے یوم تاسیس سے پہلے ہماری حکومت ہوگی۔
دریں اثناءپی ٹی آئی کے یوم تاسیس کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ جب مجھے انصاف نہیں ملا تو غریب اور عام شہریوں کو کیسے ملے گا۔ میں خودپرہونے والے حملے کے بعد تین ملوث لوگوں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کروا سکا جبکہ مجھے معلوم بھی تھا، ایک افسرکا نام آنے پر پولیس نے میری شکایت پر مقدمہ درج نہیں کیا۔2011ء میں مینار پاکستان جلسہ دیکھ کر الیکٹ ایبلز نے پی ٹی آئی میں آنا شروع کیا۔