وزیر اعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ 

09:34 PM, 26 Apr, 2022

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف اور بل گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہو ا جس میں فائونڈیشن کے کے تعاون سے انسداد پولیو سمیت پاکستان میں جاری صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فائونڈیشن کے ساتھ اپنے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،  ان کی حکومت ملک سے پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے 15 ماہ بعد 2022 میں پولیو وائرس کے پہلے کیس پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جس کی تصدیق حال ہی میں شمالی وزیرستان میں ایک بچے میں ہوئی تھی۔

 انہوں نے بتایا کہ جنوبی خیبرپختونخوا صوبے کے لیے پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے معیار کو بڑھانے اور بہتر بنانے اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے ایک خصوصی ایمرجنسی رسپانس پلان پہلے ہی زیرِ عمل ہے۔

بل  گیٹس نے مثبت پیش رفت کا اعتراف کیا اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے فاؤنڈیشن کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا کہ پولیو وائرس کی وجہ سے کسی بچے کو فالج کا خطرہ نہیں ہے۔افغانستان کو درپیش پولیو سے متعلق چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے افغانستان میں پولیو ویکسینیشن مہم کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 انہوں نے اس سلسلے میں افغانستان کو مناسب بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعظم اور  بل گیٹس نے پاکستان کی COVID-19 ویکسینیشن مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔، انہوں نے حکومت کے زیرقیادت مختلف پروگراموں کے لیے بی ایم جی ایف کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا جن کا مقصد غذائی قلت اور سٹنٹنگ سے نمٹنے، حفاظتی ٹیکوں کی ضروری خدمات، مائیکرو پیمنٹ گیٹ ویز مالیاتی شمولیت کو فعال کرنا، اور قومی بچت پروگرام کی ڈیجیٹلائزیشن ہے۔

مزیدخبریں