انخلاء کے دوران طالبان حملے نہ کریں ورنہ جوابی کارروائی کریں گے، جنرل میکنزی

11:44 PM, 26 Apr, 2021

واشنگٹن: امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کیتھ ایف میکنزی نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکا کے نکلنے کے بعد دباؤ برقرار نہ رکھا گیا تو القاعدہ اور داعش دوبارہ منظم ہو سکتی ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان تنظیموں کو افغانستان کی سرزمین استعمال نہیں کرنےدیں گے اور طالبان انخلاء کے دوران امریکی فوج پر حملے نہ کریں ورنہ جوابی کارروائی کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی انخلاء کے بعد سب سے بڑا خطرہ القاعدہ اور داعش جیسے گروپس کے دوبارہ منظم ہونے کا ہوگا، اگر ان پر دباؤ برقرار نہ رکھا گیا تو وہ دوبارہ متحرک ہوسکتےہیں اور یہ پڑوسی ممالک خاص طور پر پاکستان کیلئے سب سے بڑی تشویش کی بات ہوگی۔

خیال رہے کہ امریکا اور نیٹو اتحادی ملکوں نے افغانستان سے مزید فوجیں نکالنا شروع کر دی ہیں۔ افغانستان میں غیرملکی فورسز کے امریکی کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر نے کہا ہے کہ فوجی انخلا کیلئے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں اور فوجی اڈے اور آلات افغان فورسز کے حوالے کرنے کا آغاز ہو گیا ہے۔

ملر کا کہنا تھا کہ فورسز کے مکمل انخلا پر فوجی اڈے ابتدائی طور پرافغان وزارت دفاع اوردیگر افغان فورسز کے حوالے کردیں گے۔

مزیدخبریں