ن لیگی رہنماؤں کی شہباز شریف سے اہم ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

10:58 PM, 26 Apr, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں خرم دستگیر، برجیس طاہراورملک پرویزشامل تھے۔ ن لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی پارٹی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، مہنگائی اور کورونا وبا میں پائی جانے والی شدت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ملاقات کرنے والے رہنماؤں کی جانب سے حمایت کرنے اور رہائی پر انہیں مبارکباد دینے پہ شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

ن لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کو جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بھی فون کیا۔ لیاقت بلوچ نے انہیں رمضان المبارک اور رہائی پر مبارکباد دی۔ ٹیلی فونک بات چیت میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور کورونا کی موجودہ لہر پر بھی بات چیت ہوئی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے لیاقت بلوچ کا فون کرنے پہ شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے احتساب عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے جمع کروائے گئے مچلکوں کا جائزہ لیکر ان کی رہائی کی روبکار جاری کی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔ 

واضح رہے کہ نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کو گزشتہ برس ستمبر میں حراست میں لیا تھا، گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50، 50 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں