لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان خان بزدارکی خصوصی ہدایت پر کورونا مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور لاہورسمیت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرزاور آکسیجن بیڈزکی تعداد بڑھا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان خان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقد ہواجس میں سپیشل سیکرٹری سلوت سعید، ایڈیشنل سیکرٹری عثمان خالد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان شاہد، پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت، کنسلٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان، پروفیسر ڈاکٹر ثاقب سعید اور سی ای او پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر ثاقب شفیع نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران کورونا مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ سپیشل سیکرٹری سلوت سعید اور کنسلٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان نے وزیر صحت کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے مختص بیڈز، آکسیجن بیڈز اور وینٹی لیٹرز سمیت دیگر طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا شکار مریضوں کے علاج کی سہولیات کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن کی صورتحال تسلی بخش ہے جبکہ وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں کورونا وباءنے تباہی مچا رکھی ہے، پنجاب حکومت کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے تمام ترطبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ صوبے بھر میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا ویکسی نیشن کا عمل بھی کامیابی سے جاری ہے، عوام سے اپیل ہے کہ ہر صورت ماسک پہننے سمیت ایس او پیز پر عملدرآمد کریں تاکہ اس وباءسے محفوظ رہ سکیں۔