ہرارے: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کورونا وائرس کی شدید لہر سے نبردآزما بھارتی شہریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے موذی وباءکیخلاف وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بابراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان شدید مشکل حالات میں میری نیک خواہشات بھارتی شہریوں کیساتھ ہیں۔ یہ ایک ساتھ کھڑے ہونے اور دعا کرنے کا وقت ہے، میں تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں کیونکہ یہ ہماری ہی حفاظت کیلئے اہم ہے، ہم ایک ساتھ مل کر ہی اس موذی وباءکا مقابلہ کر کے اسے شکست دے سکتے ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا کے ٹیسٹ کرکٹر دیموتھ کرونا رتنے نے بھی بھارتی عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ سے متعلق خبریں سنیں اور بہت دلبرداشتہ ہوا، بھارتی قوم میرے دل کے قریب ہے اور میری نیک خواہشات ان کیساتھ ہیں ، آئیں ہم مل کر موذی وباءکا مقابلہ کریں۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے پاکستانیوں سے آگے بڑھنے اور کورونا وائرس کے خلاف نبرد آزما بھارتیوں کی مدد کرنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بحران سے نمٹنا کسی بھی حکومت کیلئے ممکن نہیں، میں اپنی حکومت اور عوام سے بھارتیوں کی مدد کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس وقت آکسیجن کی اشد ضرورت ہے اس لئے میں تمام لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ عطیات دیں اور فنڈز اکٹھے کر کے بھارت کو آکسیجن کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امتحان کی اس گھڑی میں ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔