کورونا کی بگڑتی صورتحال کے باعث امیر بھارتی ملک چھوڑنے لگے

09:03 PM, 26 Apr, 2021

نئی دہلی ،بھارت میں کورونا وائرس کے بے قابو ہونے کے بعد امیر بھارتی ملک چھوڑ کر فرار ہونے لگے ۔ 

بھارت میں جہاں ایک طرف کورونا وائرس کسی عفریت کی طرح زندہ لوگوں کو نگل رہا ہے تو دوسری طرف امیر بھارتی شہری اپنے ملک سے فرار ہورہےہیں ۔ 

ذرائع کے مطابق زیادہ تر بھارتی عرب امارات کا رخ کررہے ہیں ۔  مسافروں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے کرایوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا  اور  پرائیوٹ طیاروں کی مانگ بھی بڑھ گئی۔

 اتوارسےامارات اوربھارت کے درمیان سفری پابندیوں کا آغاز ہوگیا لیکن جمعے اور ہفتے کے روزممبئی سے دبئی جانے والی کمرشل پرواز کا ٹکٹ معمول سے 10 گنا زائد 80 ہزار بھارتی روپے تک پہنچ گیا،نئی دلی سے دبئی جانےوالی پرواز کا ٹکٹ معمول سے 5 گنا زائد 50 ہزار سے زائد رہا۔

بھارتی چارٹر کمپنی کے ترجمان کے مطابق طلب اتنی زیادہ بڑھی کہ بیرون ملک سے اضافی طیارے منگوانے کی درخواست کی گئی۔

ادھربنگلا دیش نے آج سے بھارت کے ساتھ اپنی سرحد بند کرنے کا اعلان کردیا، تھائی لینڈ نے بھی بھارت پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں جب کہ اردن نے 14 روز کے لیے بھارت سے پروازوں پر پابندی لگادی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں مسلسل پانچویں روزکورونا وائرس کے 3 لاکھ سےزائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ایک دن میں ریکارڈ 2 ہزار 812 اموات ہوئی ہیں۔ 72 گھنٹوں میں تقریباً 10 لاکھ نئے متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں، بستر کم پڑنے پر کورونا مریض اسپتالوں کے باہر سڑکوں پر بے بسی کی تصویر بن گئے، ممبئی میں آکسیجن کی سپلائی کے سب سے بڑے مرکز میں آکسیجن ختم ہوگئی، اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سے اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔ 

مزیدخبریں