مفتی منیب الرحمان سمیت دیگر علماءکے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی تیاری شروع

05:53 PM, 26 Apr, 2021

کراچی: کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے معاملے میں مفتی منیب الرحمان سمیت دیگر علماءکے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج اور ملک بھر میں ہنگامہ آرائی کے تناظر میں مفتی منیب الرحمان سمیت کراچی کی دیگر شخصیات کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی تیاری ہو رہی ہے اور اس سلسلے میں فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے جس میں حاجی رفیق پردیسی، غلام غوث بغدادی، مولانا ریحان امجد نعمانی، علی محمد اسلم اور عامر چھوٹانی کے نام بھی شامل کئے گئے ہیں۔
ضلع شرقی کے تھانوں سے فورتھ شیڈول میں نام ڈالنے کیلئے تفصیلات طلب کی گئی ہیں اور مذکورہ بالا تمام افراد کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کیلئے سفارشات بھی تیار کی جا رہی ہیں، پولیس کی جانب سے یہ دستاویزات محکمہ انسداد دہشت گردی کو بھجوائی جائیں گی۔ 
واضح رہے کہ مفتی منیب نے 19 اپریل کو کراچی میں پریس کانفرنس میں لاہور یتیم خانہ چوک واقعے پر ملک بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا تھا، مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی نے بھی مفتی منیب کی ہڑتال کی کال کی حمایت کی تھی۔

انہوں نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے گرفتار کئے گئے کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرنے اور ان کے خلاف درج کئے گئے مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزیدخبریں