ن لیگ بتائے 5 سال پورے کرانے کی گارنٹی کس کو دی؟ پی پی کا مریم نواز کے بیان پر رد عمل

09:38 AM, 26 Apr, 2021

لاہور:  پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور نے مریم نواز کے حکومت کو 5 سال مکمل کرنے کے حوالے سے بیان پر شدید تنقید کی ہے۔

انہوں نے مریم نواز کے انٹرویو پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ بتائے پانچ سال پورے کرانے کی گارنٹی کس نے کس کو دی ؟

آخر کار بلی تھیلے سے باہر آہی گئی لوگ سوال کرتے تھے پی ڈی ایم کیوں توڑی گئی پی ڈی ایم اسلئے توڑی گئی عمران خان کے پانچ سال پورے کرانے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پانچ سال پورے کرانے تھے تو لانگ مارچ کا ڈرامہ کیوں اور اگر پانچ سال پورے ہی کرانے تھے تو استعفوں کا تماشا کیوں لگایا۔

واضح رہے کہ مریم نواز نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا  کہ ہم حکومت کی تین سال کی نا اہلی اور نالائقی کا بوجھ کیوں اٹھائیں تاکہ ذمہ داری ہمارے اوپر آجائے۔ تحریک انصاف اسی بوجھ کے ساتھ عام انتخابات میں جائیگی اور ہم اسے فرار کا راستہ نہیں دینگے۔

انہوں نے کہا کہ  کون نہیں چاہتا کہ اس کی حکومت نہ بنے لیکن ہم وقتی فائدہ نہیں اٹھانا چاہتے اس سے ہمارے بیانیے کی بھی نفی ہو گی ۔پاکستان نے جو سفر کرنا تھا کر لیا اب ملک کو آئین و قانون کے مطابق ہی چلایا جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  اداروں کو اپنی آئینی کردار تک محدود ہونا چاہیے اور حکومتوں کے بننے اور گرانے میں ان کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔ شہباز شریف بھائی سے دھوکہ کرتے تو آج وزیراعظم ہوتے۔ شہباز شریف کا نوازشریف سے مزاج مختلف ہے لیکن بات وہ نوازشریف کی ہی مانتے ہیں۔ 

مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں اورنج لائن، میٹرو بسوں ، توانائی اور شاہراہوں کے منصوبے مکمل کیے لیکن ان پر کرپشن کا ایک بھی الزام نہیں لگا جب یہ شریف خاندان کے فیملی بزنس پر الزامات لگاتے ہیں تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ انکے پاس کہنے کو کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  مسلم لیگ (ن) کا وہی بیانیہ ہے جو نواز شریف کا بیانیہ ہے۔ شہباز شریف طبیعت کے اعتبار سے اگرچہ تھوڑے مختلف ہیں لیکن وہ بھی بیانیہ نواز شریف کا ہی مانتے ہیں ۔ 

مزیدخبریں