یسین ملک پر بھارتی فوج کا وحشیانہ تشدد ، مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ ، شٹر ڈاون

08:00 PM, 26 Apr, 2019

سرینگر:جموں اینڈ کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یٰسین ملک پر بھارتی فوج کا وحشیانہ تشدد ، بھوک اور پیاس سے نڈھال ہوگئے ، کشمیری عوام کا یوم سیاہ ، تمام کاروباری مراکز بند رہے ، بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق جموں اینڈ کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یٰسین ملک اس وقت بھارتی فوج کے زیر حراست ہیں جن پر بدترین تشدد کیا جا رہا ہے ، بھوک اور پیاس کے عالم میں ان کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

کشمیری نوجوان بھارتی فوج کی اس بربریت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں ، کشمیریوں نے یٰسین ملک کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے پر آج یوم سیاہ منایا ، تمام کاروباری مراکز بند رکھے گئے ۔

کشمیری رہنماوں نے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی فوج کی اس بربریت کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔

پاکستان میں یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور بیٹی نے لاہور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس

طرح یسین ملک کو بھارتی فوج کی قید کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔

مشعال ملک نے کہا کہ یسین ملک پر بے جا تشدد کیا جا رہا ہے ، میری پاکستانی حکام سے اپیل ہے کہ وہ اس جبر کا نوٹس لیتے ہوئے عالمی عدالت اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سامنے معاملے کو اٹھائیں تاکہ یسین ملک کو انصاف مل سکے ۔

انھوں نے کہا کہ یسین ملک کی گرفتاری کے بعد سے مجھ کو دھمکی آمیز فون کالز مسلسل آ رہی ہیں اور دھمکی دی جا رہی ہے کہ یسین ملک کو شہید کر دیا جائے گا اور یہ سال ان کا آخری سال ہوگا ۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی قوانین کے منہ پر تماچا ہے ، مشعال ملک نے پاکستانی حکام سے اپیل کی کہ ان کے کیس کو عالمی عدالت میں لے جایا جائے۔

مزیدخبریں