بیجنگ: بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان اور عالمی بینک کی سی ای او کی ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی پروگرام پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان کی ورلڈ بینک کی چیف ایگزیکٹوآفیسر سے ملاقات بیلٹ اینڈ فورم کے موقع پر ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے اقتصادی پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان اور آئی ایم ایف کی سربراہ کی ملاقات کا بھی امکان ہیں۔ وزیراعظم چینی ہم منصب اور صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں ترقی کیلئے پانچ تجاویز پیش کیں۔ خطاب کے دوران روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلیے وزیراعظم نے 5 نکات پیش کئے۔ انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئے اور ہمیں سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہئے۔ کرپشن اور وائٹ کالر کرائم پر قابو پانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی سے کام کرنا ہو گا۔ غربت کے خاتمے کے لیے فنڈ قائم کیا جائے اور پانچویں تجویز یہ ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر، تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے ماحول بہتر بنانے کی کوششیں کی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا چین کے تعاون سے گوادر تیزی سے دنیا کا تجارتی مرکز بن رہا ہے۔ انہوں نے تقریب کے تمام شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی اور کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ پُر امن اور ترقی یافتہ دنیا کیلئے ہماری کوششیں جاری ہیں۔