ثابت ہوگیا میاں صاحب جیل سے نجات اور لندن جانا چاہتے ہیں:فردوس عاشق اعوان

11:02 AM, 26 Apr, 2019

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میاں صاحب کی بیماری کے ڈرامہ کا بھی کلائمکس آن پہنچا ہے۔بیرون ملک علاج کی درخواست سے ثابت ہوگیا کہ میاں صاحب جیل سے نجات اور لندن جانا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فردوش عاشق اعوان نے کہا کہ مریم اورنگزیب کرپٹ ٹولے کی ترجمان ہیں، ان کی ترجمانی پاپڑ والے سے نکلنے والے اربوں روپے نہیں چھپا سکتی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول صاحب آپ کو عوام کے درد کا احساس ہونا کسی تعجب سے کم نہیں، غریب آج اس لیے غریب ہے کیونکہ اس کے وسائل پر دونوں جماعتوں نے ڈاکہ ڈالا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول صاحب آپ روزمرہ کی چیزوں کے نرخ بتا دیں تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کا ذمہ دار پی پی پی اور ن لیگ کی غلط پالیسیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے چوری اور سینہ زوری دیکھنی ہو تو اپوزیشن کے رہنماؤں اور ترجمانوں کی تقریریں اور بیانات دیکھ لے۔اپنے بیان میں انہوں نے بلاول کو شاہ محمود قریشی کی شاگردی میں آنے کی دعوت بھی دے دی۔

مزیدخبریں