ہر چیلنج میں پاک چین دوستی ناقابل تسخیر ہے، وزیراعظم عمران خان

08:54 AM, 26 Apr, 2019

بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت پر خوشی ہے اور گوادر کمرشل حب میں تبدیل ہو رہا ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان بہت سے شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ پاک چین فری تجارت معاہدہ عمل میں آ رہا ہے اور ہر چیلنج میں پاک چین دوستی ناقابل تسخیر ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا ہم نے خیبرپختونخوا میں 5 ارب درخت لگائے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے فیز کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان کے توانائی بحران میں کمی ہوئی اور پاکستان سرمایہ کاروں کو پر کشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان چین کی اس بڑی کاوش کا ابتدائی شراکت دار ہے اور پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔

خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ اہمیت کا حامل ہو گا ہم بنیادی ڈھانچے، ریلوے ، آئی ٹی اور توانائی میں چین کے ساتھ تعاون چاہتے ہیں اس کے ساتھ زراعت، صحت اور تعلیم میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ غربت کے خاتمےکے لیے پاکستان میں احساس کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے اور ماحول کی بہتری کے لیے دس ارب درخت لگانے کے منصوبے کا بھی آغاز ہو چکا ہے۔

عمران خان نے اس موقع پر شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کے لیے بھر پور اقدامات کر رہا ہے کیونکہ وائٹ کالر کرائم ہی ترقیاتی کاموں کو برباد کرتا ہے۔

اس دوران وزیر اعظم نے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پُرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔

مزیدخبریں