لاہور :یہ سال کا وہ وقت ہے جب گرمی کی شدت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ایسے میں بہتر شخصیت کے لیے اپنا خیال رکھنا بےحد ضروری ہوجاتا ہے۔
گرمی کے موسم میں اگر خود کا خیال نہ رکھا جائے تو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جن میں پیٹ کی خرابی، یا بہت زیادہ پسینہ آنا شامل ہیںلیکن پریشان نہ ہوں، آپ کے باورچی خانے میں موجود ایک ایسی غذاء اس موسم کے لیے اس حد تک فائدہ مند ہے کہ اس کے استعمال سے بہت سی پریشانیوں سے نجات مل سکتی ہے۔
یہاں بات کھٹے میٹھے لیمو کی کی جارہی ہے، جس کا استعمال آپ صرف شربت پینے میں ہی نہیں بلکہ بہت الگ الگ انداز میں کرسکتے ہیں۔
1- کھانے کے بعد لیمو پانی
کھانے کے بعد لیمو پانی پینے سے نظام ہاضمہ بہتر انداز میں کام کرتا ہے، ایسا کرنے سے جسم میں موجود وہ ایسڈز جن کا کوئی استعمال نہیں وہ باہر ہوجاتے ہیں،لیمو پانی کا مزاح بہتر کرنے کے لیے اس میں ایک چائے کا چمچ شہد شامل کیا جاسکتا ہے۔
2- لیمو کی خوشبو
سال کے اس موقع پر پسینہ آنا نہایت عام سی بات ہے، لیکن پسینہ کے ساتھ آنے والی بو کے باعث کبھی کبھار آپ کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہےلیکن اب پسینے کی اس بو کی روک تھام کے لیے لیمو کا استعمال ضروری بنائیں۔
تھوڑا سا لیمو کا رس لیں، اس میں پانی شامل کریں، اس مرکب کو اپنے بغل اور ہر اس حصے پر لگائیں جہاں سے پسینے کی بو آتی ہے، پھر 15 منٹ تک اسے چھوڑ دیں اور بعدازاں دھو لیں ، ہر روز ایسا کرنے سے آپ کو پسینے کی بو سے نجات مل جائے گی۔
3- رنگ صاف کرنے کے لیے
دھوپ میں جلد کا رنگ خراب ہونے سے بچانے کے لیے تھوڑا سا لیمو کا رس لیں اور اس کو اچھے طرح ملیں، 10 منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے چہرے کو دھو لیں، بہتر نتائج کے لیے یہ عمل دن میں دو بار کریں۔
4- منہ کی بو سے نجات
اگر آپ کو بھی منہ سے بو آنے جیسے مسائل کا سامنا ہے تو لیمو اس کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا ، ایک چائے کا چمچ شہد لیں، اس میں ایک چائے کا چمچ لیمو کا رس شامل کریں، ایک چائے کا چمچ دارچینی ملائیں اور آدھا کپ نیم گرم پانی شامل کریں۔
تمام اجزاء کو مکس کرنے کے بعد اس سے کلی کریں، یقیناً منہ کی بو سے جلد نجات مل جائے گی۔