اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک اںصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا سیالکوٹ کی عوام کو مبارکبا د پیش کرتا ہوں کہ 32 سال بعد انہیں خواجہ آصف سے نجات دلا دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی گردن سے سریا نکال دیا جبکہ نواز شریف اور خواجہ آصف کا کاروبار کرپشن ہے۔ پاکستانی سیاست میں اب خواجہ آصف کی کوئی جگہ نہیں رہی۔
سیالکوٹ کے عوام کے سامنے سرخرو ہوا ہوں کیونکہ مجھے ورکرز نے تقویت اور جذبہ دیا۔ انہوں نے کہا آج کی کامیابی کا سارا کریڈٹ میرے لیڈر عمران خان کو جاتا ہے اب خواجہ آصف کو شوکت خانم کے باہر فروٹ کی ریڑھی لگا لینی چاہئے۔
انہوں نے کہا گزشتہ 5 سال سے خواجہ آصف کے خلاف جدوجہد جاری تھی اور تحریک انصاف اس کیس کو منطقی انجام تک لے آئی۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے بیرون ملک رقوم کی منتقلی کی تفصیلات طلب کر لیں
اس موقع پر رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا خواجہ آصف کی نااہلی سیالکوٹ کے لوگوں کی جیت ہے۔
یاد رہے آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف نے خود ہی ووٹ کے تقدس کو پامال کیا، عمران خان
35 صفحات پر مشتمل فیصلے کے مطابق خواجہ آصف کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت بھی ختم ہوگئی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں