خصوصی مشیروں کی تقرری کیخلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا

10:36 AM, 26 Apr, 2018

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خصوصی مشیروں کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزید پڑھیں: خواجہ آصف نااہلی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے وزیراعظم کے خصوصی مشیروں کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار جی ایم چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعظم کے خصوصی مشیروں کی تقرری قومی خزانے پر بوجھ اور خلاف آئین ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ مفتاح اسماعیل، آصف کرمانی، بیرسٹر ظفراللہ، مصدق ملک اور خواجہ ظہیر کی تقرری کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرگ ایکٹ 2017 کیخلاف پنجاب کے مختلف شہروں کے میڈیکل اسٹورز کی ہڑتال

وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد محمود عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ رولز آف بزنس کے تحت وزیراعظم کو اختیار ہے کہ خصوصی مشیروں کا تقرر کریں اور تقرری سے آئین و قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ درخواست بدنیتی پر مبنی ہے اس لئے اُسے ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں