پاکستان اور بھارت کی فوجیں تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ مشقیں کریں گی

12:39 AM, 26 Apr, 2018

نئی دہلی : بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی فوجی تاریخ میں پہلی بار اکھٹے فوجی مشقیں کریں گے، رواں سال ستمبر میں روس میں فوجی مشقیں ہونگی جس میں روس ،چین ،پاکستان اور بھارت سمیت دیگر کئی ممالک بھی حصہ لیں گے ۔

یہ فوجی مشقیں شنگھائی تعاون تنظیم کا حصہ ہیں جس میں بڑے پیمانے پر ایشیائی ممالک شرکت کریں گے۔ان فوجی مشقوں میں بھارت کی شمولیت کا باضابطہ اعلان بھارتی وزیر دفاع نرملہ سیتارامن نے کیا۔

بھارتی اخبار’دی ٹری بیون‘ اور امریکی نیوز ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ پہلاموقع ہوگا جب پاکستان اور بھارت کی فوجیں دہشت گردوں کے خاتمے، دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بے اثر اور جنگ کے تیاری کو جانچنے کے علاوہ ممکنہ حملوں کو روکنے کےلئے اکھٹی مشقیں کریں گی۔ بھارت اور پاکستان کے فوجیوں نے ماضی میں غیر ملکی سرزمین پر اقوام متحدہ کے تحت بطورامن مشن ایک دوسرے کے ساتھ کام کیا ہے۔

روس کے یورال پہاڑوں پر منعقد کی جانے والی ”امن مشن2018“نامی فوجی مشقیں اگست کے آخر میں شروع ہوں گی اور ستمبر کے پہلے ہفتے میں ختم ہوجائیں گی۔ ہر دوسال بعد منعقد ہونے والی کثیر ملکی فوجی مشقوں کا”امن مشن 2018 “پانچواں ایڈیشن ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت ان مشقوں میں دو سو فوجی بھیجے گا۔

بھارت نے پہلی بار چین کی میزبانی میں ایس سی او کے رکن ممالک کے دفاعی وزراکے اجلاس میں شرکت کی۔ چین، قازقستان، کرغیزستان، روس اور تاجکستان کی طرف سے 2001 میں ایس سی او قائم کیا گیا تھا ، اب گروپ آٹھ مکمل ارکان پر مشتمل ہے جن میں بھارت، پاکستان اور ازبکستان بھی شامل ہیں جبکہ چار ممالک مبصر کے طور پراور دیگر چھ ممالک ڈائیلاگ پارٹنر کے طور پر شامل ہیں۔

مزیدخبریں