کراچی: وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف عدلیہ کی آواز سنیں اور فوری استعفی دیں جبکہ سندھ کے حقوق ملنے اور نواز شریف کے استعفے تک دھرنے جاری رکھیں گے۔
کراچی میں پیپلز پارٹی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے لوگوں کو تکلیفیں دی ہیں، وفاق سندھ سے سوتیلا سلوک کر رہا ہے اور سندھ کے حصے کی گیس، بجلی نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، وفاقی حکومت عوام کا اعتبار کھوچکی ہے، آج پوری دنیا گو نواز گو کا نعرہ لگارہی ہے، جبکہ اعلی عدلیہ نے بھی ان کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔
وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدلیہ کی آواز سنیں اور جلد از جلد استعفی دیں، آپ کو بتارہا ہوں جلد نواز شریف مستعفی ہوجائیں گے، جبکہ سندھ کے حقوق ملنے اور نواز شریف کے استعفی تک دھرنے جاری رہیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے 16 اپریل کو جلی کی حالیہ لوڈ شیڈنگ پر بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 30 اپریل کو تمام ڈویژنل مراکز پر دھرنا ہوگا اور حکام کے سخت رویوں کے خلاف 14 مئی کو صوبائی سطح پر دھرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم کو دریائے سندھ پر تعمیر کیا گیا اور بجلی پیدا کرنے کے لیے سندھ کے حصے کا پانی چرا کر صوبے کو خشک سالی کا شکار کر دیا گیا۔