بغداد : عراقی فورسز نے شمالی شہر موصل کے مغربی حصے میں داعش کے خلاف ایک ہفتے کی سخت لڑائی کے بعد ایک بڑے علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی فوج کے سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عبدالوہاب الساعدی نے موصل میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گرد سروس کی فورسز غربی موصل کے علاقے التنک پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
جنرل ساعدی نے بتایا ہے کہ التنک قدیم شہر کے مغربی کنارے میں واقع ہے اور یہ موصل کے مغربی حصے کا سب سے بڑا علاقہ ہے۔یہ دہشت گرد گروپوں کا سب سے مضبوط گڑھ رہا ہے۔
اس علاقے میں عراقی فورسز اور داعش کے درمیان ایک ہفتے تک شدید لڑائی ہوتی رہی ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ لڑائی کے دوران میں بیس سے زیادہ کار بموں کو تباہ کیا گیا ہے ،بیسیوں دہشت گرد جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔
ان کی لاشیں اس وقت بھی گلیوں، بازاروں اور مکانوں کے اندر پڑی ہیں۔عراقی فوج کے کمانڈروں کے تخمینے کے مطابق اس وقت داعش کے چند ایک سو جنگجو ہی مغربی موصل میں رہ گئے ہیں۔ان میں سے بیشتر نے قدیم شہر میں رہ جانے والے شہریوں کے مکانوں میں پناہ لے رکھی ہے اور وہ انھیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔