وزیر اعظم شہباز شریف نے صرف اتنا کہا کہ ہمیں سپورٹ کریں ، کسی شخص کے لئے ترمیم کے حق میں نہیں: مولانا فضل الرحمان

09:33 PM, 25 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے صرف اتنا کہا کہ ہمیں سپورٹ کریں ، کسی شخص کے لئے ترمیم کے حق میں نہیں ۔اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  وزیر اعظم شہباز شریف نے صرف اتنا کہا کہ ہمیں سپورٹ کریں ، کسی شخص کے لئے ترمیم کے حق میں نہیں ۔

ا نہوں نے کہاکہ  خواہش ہے کہ آئینی ترامیم اتفاق رائے سے منظور ہوں اور ہم آئینی عدالت کے قیام کے حق میں ہیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دو صوبے مسلح گروہ کے قبضے میں ہیں، ایک صوبے سے قوم پرست اور دوسرے سے مذہبی جماعتوں کو دھاندلی کے ذریعے باہر کیا گیا، بلوچستان اور کے پی میں ریاست کی عملداری ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم پرست علیحدگی کی بات کریں تو داخلی مسئلہ قرار دے دیا جاتا ہے جبکہ مذہبی بنیادوں پر کوئی مسئلہ ہو جائے تو اسے عالمی ایشو بنا دیا جاتا ہے ، یہ دہرا معیا ر کیوں ؟۔
انہوں نے کہاکہ چاہتے ہیں کہ مفادات سے بالاتر ہوکر وسیع تر قومی مفاد میں ترمیم ہو،انتخابات میں اداروں کا کردار ملک کو متحد رکھنے کی علامت قرار نہیں دیا جا سکتا۔

مزیدخبریں