بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے تل ابیب کو میزائل سے نشانہ بنایا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے اہم شہر تل ابیب کے قریب واقع اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکوارٹر کو قادر ون بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا مگر اسرائیلی دفاعی نظام نے میزائل کو ہوا میں ہی مار گرایا۔
عرب نیوز چینلوں کے نمائندوں کے مطابق حزب اللہ نے پہلی مرتبہ تل ابیب کی سمت بیلسٹک میزائل داغا ہے ، جس کی ذمہ داری حزب اللہ نے قبول کر لی ہے۔تنظیم نے ایک بیان میں بتایا کہ داغا جانے والا میزائل "قادر 1" ہے جس کا ہدف موساد (اسرائیل کی خفیہ ایجنسی) کا صدر دفتر تھا، موساد لبنان میں حزب اللہ کی قیادت کی ہلاکت اور پیجر اور وائر لیس آلات کے دھماکوں کی ذمے دار ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کے لبنان اور حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل کے شہروں پر حملے مسلسل جاری ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ چند دنوں کے دوران ہونے والے حملوں میں اب تک 570 لبنانی شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور 1900 کے قریب افراد زخمی ہیں۔