اسلام آبا دپولیس افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد

 اسلام آبا دپولیس افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد

اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بھی پولیس افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی ہدایت پر وفاقی پولیس کے لیے سوشل میڈیا پالیسی بنادی گئی۔ اس ضمن میں جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق کوئی پولیس آفیسر یا اہلکار پیشگی محکمانہ اجازت کے بغیر میڈیا پر اپنی رائے نہیں دے گا۔ 

پولیس یونیفارم، سرکاری گاڑی یا کسی سرکاری عمارت میں پولیس آفیسر یا اہلکاروں پر ویڈیو یا تصویر اپنی ذاتی تشہیر کے لیے بنانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ کوئی پولیس آفیسر یا اہلکار سیکرٹ، آفیشل یا کوئی بھی چیز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہیں کرے گا۔

وفاقی پولیس افسران یا اہلکار اپنی سیاسی یا مذہبی رائے کا کسی میڈیا پر اظہار نہیں کرے گا۔ پولیس کی سرگرمیوں کے اظہار کا ذریعہ صرف آئی جی دفتر کا افسر تعلقات عامہ ہے۔

وفاقی پولیس کا آفیسر یا اہلکار میڈیا پر اپنی کوئی بات پہنچانے کے لیے بذریعہ ڈی آئی جی، آئی جی دفتر کے افسر تعلقات عامہ سے اجازت لے گا۔

وفاقی پولیس کے متعلقہ یونٹ کے افسران اپنے ماتحتوں کے ذمہ دار ہوں گے۔ خلاف ورزی پر سخت محکمانہ ایکشن ہو گا۔