اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا وطن واپسی کا پلان تبدیل نہیں ہوا۔ 21 اکتوبر کی تاریخ فائنل ہے۔
شہباز شریف نے لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف طے شدہ پروگرام کے مطابق 21 اکتوبر کو وطن واپس آ رہے ہیں۔ان کے مطابق پوری قوم نواز شریف کا فقیدالمثال استقبال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام پارٹی رہنماؤں کے لیے ہدایت ہے کہ 21 اکتوبر سے قبل بیرون ملک سفر نہ کریں اور اپنی تمام تر توجہ عوامی موبلائیزیشن پر دیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف سے لندن میں ملاقات کے لیے تشریف لانے والے پارٹی رہنما بھی اپنے پروگرام منسوخ کریں اور قائد مسلم لیگ ن کے عظیم الشان استقبال کے لیے اپنے حلقوں میں وقت دیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں تاریخ کی سب سے کم مہنگائی تھی جبکہ نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا بھی خاتمہ کردیا تھا۔