نیویارک:سٹوڈیو مالکان سے غیر حتمی معاہدہ طے ہونے کے بعد ہالی ووڈ اداکاروں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ہالی وڈ سکرین رائٹرز اور اداکاروں نے تقریباً 5 ماہ سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا سٹوڈیو مالکان سے غیر حتمی معاہدہ ہوچکا ہے جس کے بعد وہ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
ہالی ووڈکے اول درجے کے اداکاروں سمیت ایک لاکھ 60 ہزار فنکاروں کی نمائندگی کرنے والا ادارہ سکرین ایکٹرز گلڈ اور رائٹرز گلڈ آف امریکہ مئی 2023 سے ہڑتال پر تھے۔
ان کا مطالبہ تھا کہ ان کے بنیادی تنخواہوں اور بقایا جات میں اضافہ کیا جائے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی ضمانت دی جائے کہ اداکاروں کی جگہ مصنوعی ذہانت نہیں لے گی۔بعد ازاں جولائی 2023 کو اداکاروں کی یونین نے والٹ ڈزنی کمپنی اور نیٹ فلکس انکارپوریشن سمیت سٹوڈیوز کے ساتھ مذاکرات کیے جو ناکام رہے اور پھر ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
ہڑتال کی وجہ سے امریکی فلم انڈسٹری میں بیشتر فلموں کے منصوبے اور فلم کی پروموشن کا کام رک گیا تھا، یہی نہیں بلکہ صنعت کو معاشی نقصان کا سامنا رہا۔یہ ہڑتال 60 سالوں میں پہلی بار ہوئی تھی جس کی وجہ سے خیال کیا جارہا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری وقتی طور پر مفلوج ہوسکتی ہے۔تاہم اب 5 ماہ بعد سکرین رائٹرز، اداکاروں کی یونین اور سٹوڈیوز کے درمیان غیر حتمی معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق رائٹرز گلڈ آف امریکہ کی قیادت اور یونین کے اراکین کو ہڑتال ختم کرنے سے قبل الائنس آف موشن پکچر اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز کے ساتھ 3 سالہ معاہدے پر اتفاق کرنا ہوگا۔رائٹرز گلڈ آف امریکہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تفصیلات کو ابھی حتمی شکل دینا باقی ہے اس لیے ہڑتال مکمل طور پر ختم نہیں کی جارہی لیکن ہم اپنے دھرنے اور احتجاج ختم کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ ہالی وڈ کے اداکاروں نے آخری بار 1980 میں ہڑتال کی تھی۔