اسلام آباد: کیا فواد چودھری کو پی ٹی آئی سے نکالا جا رہا ہے؟ عمران خان نے فواد چودھری کو سائیڈ لائن کرتے ہوئے ان کے سب سے بڑے مخالف حامد خان کو پارٹی میں اہم ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے چئیرمین ایڈوائزری کونسل کی تشکیل دیدی گئی ہے۔ صدارت رہنما تحریک انصاف حامد خان کریں گے۔ باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ۔
ایڈوائزری کونسل چئیرمین عمران خان کو اہم ترین اور ضروری نوعیت کے معاملات پر اپنی تجاویز پیش کرے گی۔نجیب ہارون، ارشد داد، جمال انصاری، خالد مسعود ، سلیم جان،یعقوب اظہر،تسنیم نورانی اور بختیار قصوری ایڈوائزری کونسل میں شامل ہیں ۔
واضح رہے کہ حامد خان پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری کو اسٹیبلشمنٹ کو مہرہ کہتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ فواد چودھری عمران خان کے دوست نہیں بلکہ دشمن ہیں اور انہیں توہین عدالت کیس میں سزا دلوانا چاہتے ہیں اسی لیے انہوں نے چیف جسٹس کے خلاف بیان دیا۔
حامد خان نے اپنی کتاب میں بھی لکھا تھا کہ جب فواد چودھری کے چچا لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس تھے تو یہ پیسے لے کر فیصلے کرواتے تھے۔
فواد چودھری بھی حامد خان کے خلاف بیان دیتے رہتے ہیں اور انہوں نے عمران خان کی طرف سے توہین عدالت کیس میں حامد خان کو وکیل بنانے پر بھی تنقید کی تھی۔