’مریم نواز نے میرے خلاف جو باتیں کیں اس کا افسوس ہے، ہمیشہ شریف خاندان کے کام آئے ہیں‘

03:56 PM, 25 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے کہا کہ مریم نواز نے میرے خلاف جو باتیں کیں اس کا افسوس ہے ، ہمیشہ شریف خاندان کے کام آئے ہیں ۔

چودھری ظہورالہٰی شہید کی 41 ویں برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مریم نواز کی جو آڈیو لیک ہوئی ان کی اصلیت کا تو مجھے پہلے ہی پتہ تھا ، اب عوام کو بھی پتہ لگ گیا ہے ۔ میرے خلاف باتیں کرکے مریم نواز نے اپنی اصلیت بتائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مونس الہٰی اور میں نے عمران خان کا ساتھ اسی وجہ سے دیا ، شریف خاندان کی سوچ ہی ایسی ہے ۔

پرویزالٰہی نے کہا کہ شہباز شریف کو خدا کا خوف نہیں ہے ۔ شہباز شریف بیرون ملک جا کر کہتا ہے پیسے مانگنے نہیں تھے مجبور ہوں دیدیں ۔ مجھے تو ڈر تھا شہباز شریف ان سے واپسی کی ٹکٹ بھی نہ مانگ لیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر رانا ثنااللہ سے کہتا ہوں اسلام آباد سے باہر نکل کر دکھائیں ، رانا ثنااللہ کو سب سے بڑا خوف سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہے ۔ ماڈل ٹاؤن میں خواتین اور بچوں کو قتل کرنیوالوں پر مقدمات درج کیے جائیں گے ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر رانا ثنااللہ کو سزا ہوگی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف پر کوئی کیس ختم نہیں ہوا ، نواز شریف ملک واپس نہیں آئیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلی برسی پر سب کو چودھری ظہورالہیٰ اور انکے وارثوں کی مزید محبت نظر آئے گی ۔ سب چاہتے ہیں کہ ہم اکٹھے ہوجائیں ، ہوسکتا ہے آپ کی دعاؤں سے ہم پھر اکٹھے ہوجائیں ، اللہ کا بھی حکم ہے 2 بھائیوں میں لڑائی ہوجائے تو ان کی صلح کرا دو ۔

مزیدخبریں