لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکومت نے ملک کی معیشت کا نائن الیون کر چکی ہے۔
شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کا بجٹ تھا اور حکومت اس کی شرائط پوری کر رہی ہے جبکہ حکومت نے قوم سے ٹیکس فری بجٹ کا جھوٹ بولا تھا اور ہم نے جو کچھ کہا آج سچ ثابت ہو رہا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کہا تھا کہ بجٹ کے بعد مہنگائی اور ٹیکسوں کا نیا سیلاب آئے گا اور حکومت نے ہماری بات سچ ثابت کی جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز اور حکومت کی ایک اورسنگین حماقت ہے ۔ عوام میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی ہمت اور سکت نہیں، ظلم در ظلم بند کیا جائے جبکہ عمران نیازی اپنی پے درپے حماقتوں سے ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پہلے ہی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہوچکا ہے ، قیمتوں میں مزید اضافہ سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ مسئلہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ حکومت معیشت کا نائن الیون کر چکی ہے اور اب مہنگائی سے قوم کا تورا بورا بنا رہی ہے ، مہنگائی جس رفتار سے کی جا رہی ہے یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کو معیشت کی الف ب بھی معلوم نہیں ۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسئلے کا حل ہوتا تو بجلی کے بعد گیس کا گردشی قرض قوم کے گلے نہ پڑتا ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی مزید جہنم بن جائے گی جبکہ گیس کی قیمت بڑھنے سے روٹی کی قیمت بڑھے گی اور عوام کے بل مزید بڑھ جائیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو مہنگائی سے مارنے کا گناہ کرنے کے بجائے عمران نیازی گھر چلے جائیں، آٹا چینی گھی دوائی بجلی گیس سمیت ہر چیز مہنگائی کی حدیں توڑ چکی ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور غریب کا جینا حرام ہو گیا ہے۔