نیو یارک: فلسطینی صدر نے جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران اسرائیل کو مقبوضہ علاقے خالی کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔
فلسطین کے صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے دبنگ انداز میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کو مقبوضہ سرزمین خالی کرنے کا الٹی میٹم دیا۔ اسرائیل ایک سال کے اندر تمام مقبوضہ علاقوں سے افواج واپس نکالے ،اگر افواج نہیں نکالی تو فلسطینی اتھارٹی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے گی ۔
محمود عباس نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسرائیل کی 1967 سے قبل کی سرحد بھی تسلیم نہیں کریں گے جبکہ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یو این سیکرٹری جنرل عالمی امن کانفرنس بلائیں اور ایک سال کے اندر مسئلہ کو حل کریں۔
فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطین مقبوضہ سرزمینوں کی قانونی حیثیت کے فیصلے کے لئے انٹر نیشل کریمنل کورٹ جانے کو تیار ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے مغربی کنارے ، مشرقی بیت المقدس اور غزہ پر 1967کی جنگ میں قبضہ کیا تھاجبکہ 1993 میں اوسلو معاہدے میں بعض فلسطینی حکام نے اسرائیل کو تسلیم کیا تھا۔