کراچی کوسٹل زون کو اقتصادی راہداری میں شامل کرنے پر اتفاق

کراچی کوسٹل زون کو اقتصادی راہداری میں شامل کرنے پر اتفاق
کیپشن: کراچی کوسٹل زون کو اقتصادی راہداری میں شامل کرنے پر اتفاق
سورس: فائل فوٹو

کراچی: پاکستان اور چین نے کراچی کوسٹل زون کو اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل کرنے پر اتفاق کر لیا ہے جس کے بعد کراچی دنیا کے سر فہرست بندرگاہوں میں شمار ہو گا۔ 

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت کراچی کیلئے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ شروع کردیا ہے، کراچی کوسٹل کمپری ہنسیو ڈویلپمنٹ زون کو سی پیک میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ کے سی سی ڈی زیڈ پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا کیونکہ اسلام آباد اور بیجنگ میں اقتصادی راہداری پر 10 ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا۔ منصوبہ کراچی کو انتہائی جدید شہری انفراسٹرکچر زون فراہم کرے گا اور منصوبے سے کراچی دنیا کے سر فہرست بندرگاہوں میں شامل ہو گا جبکہ منصوبہ کے پی ٹی کے ساتھ شراکت میں براہ راست چینی سرمایہ کاری پر بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ منصوبے کی متوقع سرمایہ کاری تقریبا 3.5 ارب ڈالر ہے اور منصوبہ 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو رہائشی آبادکاری بھی فراہم کرے گا جبکہ کے سی سی ڈی زیڈ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بھی بہت فائدے مند ثابت ہو گا اور منصوبہ دونوں برادر ممالک کے درمیان ترقی اور صنعتی تعاون کو نمایاں طور پر بڑھا دے گا۔