بدتمیزی برداشت نہیں ، افغان وزیر دفاع نے طالبان کو وارننگ دے دی

01:55 PM, 25 Sep, 2021

کابل : افغانستان کے عبوری وزیردفاع ملا محمد یعقوب نے طالبان  کمانڈرز کو وارننگ دے دی ۔ شہریوں سے بدتمیزیاں برداشت نہیں کی جائیں گی ۔ملا محمد یعقوب کی طرف سے آڈیو پیغام میں جنگجو طالبان کی سرزنش ۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے عبوری وزیردفاع ملا محمد یعقوب نے شہریوں سےبدتمیزی سے پیش آنے پر طالبان کمانڈرز کو وارننگ جاری کردی ۔ ملا محمد یعقوب کا ایک آڈیو پیغام وائرل ہوا ہے جس میں انہوں نے طالبان کو شہریوں سے نرم رویہ اختیار کرنے اور ان کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ 

آڈیو پیغام میں ملامحمد یعقوب افغان شہریوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات پر سخت برہم ہوئے اور کہا کہ عام معافی کے اعلان کے تحت کسی مجاہد کو کسی سے انتقام لینے کا کوئی حق نہیں ہے  ۔ 

ان کا کہنا تھا کہ سب افغان شہری ہمارے لئے قابل احترام ہیں ۔ جنگ اب ختم ہوچکی ہم نے اپنے ملک میں امن اور بہتری کے لئے کام کرنا ہے  ۔ ہم نے کسی سے کوئی ذاتی انتقام نہیں لینا ۔ 

طالبان رہنما نے کہا کہ کسی کو ذاتی انتقام کا نشانہ بنانے والے لوگ ہماری صفوں سے نکل جائیں۔انہوں نے  اپنے ساتھیوں کو ایسے لوگوں کو اپنی صفوں سے دور رکھنے کی ہدایت کی جو طالبان کی پٌالیسی کے مطابق نہ چلیں ۔ 

ملا یعقوب نے طالبان جنگجوؤں کے مختلف وزارتوں میں تصویریں لینے اور ویڈیو بنانے پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ آئندہ کوئی بھی ایسی ویڈیوز اور تصاویر نہ بنائے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ قابل اعتراض فعل ہے کیونکہ لوگ  اپنا موبائل فون نکال کر  اہم اور حساس وزارتوں میں بغیر کسی وجہ کے تصاویر لے رہے ہیں۔ یوں ویڈیوز بنانا دنیا اور آخرت میں مددگار ثابت نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ طالبان کی عبوری کابینہ میں طالبان کے بانی ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب کو وزارت دفاع کا قلمدان دیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں