پشاور: افغانستان سے پھلوں کی درآمد پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا ، ایف بی آر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق افغانستان سے پھلوں کی درآمدات پر 20 فیصد سیلز ٹیکس عائد تھا ، جبکہ سیل ٹیکس خاتمے کا فیصلہ سیب پر لاگو نہیں ہوگا ۔ ایف بی آر نے پشاور اور کوئٹہ کسٹم کلیکٹرز کو نوٹیفکیشن ارسال کر دیا ۔
ایف بی آر کے مطابق افغانستان سے انگور ، انار ، خربوزہ اور سیب برآمد کیے جاتے ہیں ۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ایف بی آر نے کاروباری برادری کو ریلیف دینے کیلئے ڈھائی لاکھ روپے کے اخراجات ڈیجیٹل طریقے سے ادا کرنے میں 40 روز کی مہلت دینے پر غور کیا تھا ۔
ایف بی آر کے اعلامیے میں کہا گیا کہ کاروباری برادری چیک ، پے آرڈر ، بینک ڈرافٹ یا بینکنگ طریقے سے اخراجات ادا کرسکتی ہے ۔
اعلامیے کے مطابق یکم نومبر سے ڈیجیٹل بینکنگ طریقے سے اخراجات ظاہر کرنے ہوں گے ۔ ایف بی آر کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ مل کر کاروباری برادری کیلئے طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے ۔