لاہور: پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کا ایک اور اعزاز ، آٹھ ہزار میٹر سے بلند تین چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق شہروز کاشف نے نیپال میں موجود مناسلو چوٹی کو سر کیا ، جس کی بلندی آٹھ ہزار 163 میٹر ہے ۔ پاکستانی کوہ پیما اس سے پہلے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ اور پاکستان کی سب سے بلند چوٹی کے ٹو کو بھی سر کرچکے ہیں ۔
واضح رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز کاشف اس سے قبل انتہائی کم عمر میں کے ٹو چوٹی سر کر کے نئی تاریخ رقم کر چکے ہیں ، شہروز کاشف 19 سال کی عمر میں کے ٹو جیسی بلند چوٹی کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں ۔ جبکہ اُنہوں نے محض 17 برس کی عمر میں دنیا کی بارہویں بلند چوٹی براڈ پیک بھی سر کی تھی ۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ساجد سدپارہ نے 20 برس کی عمر میں کے ٹو سر کر کے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔