بھارتی وزیراعظم نریندرمودی امریکی صدر کے " رشتہ دار " بن گئے

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی امریکی صدر کے

واشنگٹن : امریکا کے صدر نے بھارتی وزیراعظم  سے سوال کیا ہے کہ کیا ہم رشتہ دار ہیں جس پر نریندر مودی نے مذاق میں کہا کہ ہاں ۔اس کے بعد دونوں کھلکھلا کر ہنس دیئے ۔امریکی صدر جوبائیڈن اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان یہ مکالمہ وائٹ ہاؤس میں ایک اہم ملاقات کے درمیان ہوا ۔  

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز  امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کی ۔ دوطرفہ امور پر بات چیت کے بعد غیررسمی گفتگو میں امریکی صدر جوبائیڈن نے نریندر مودی سے کہا کہ  1971 میں جب انہیں پہلی مرتبہ کانگریس کے لیے منتخب کیا گیا تو انہیں معلوم ہوا ہے کہ بھارت  میں بھی بائیڈن فیملی کی ایک شاخ ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ مجھے پتا چلا کہ وہاں ایک کیپٹن جارج بائیڈن رہتے ہیں جو ایسٹ انڈیا کمپنی میں کیپٹن تھے۔ ایک آئرش کے لیے اسے تسلیم کرنا مشکل ہے۔
  جو بائیڈن نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ جارج بائیڈن نے انڈین خاتون کے ساتھ شادی کی تھی او ر وہ بھار ت میں ہی مقیم رہے لیکن جب میں نے ان کو تلاش کرنا چاہا تو میں کامیاب نہیں ہوسکا  لہذا جارج بائیڈن کی فیملی کو تلاش کرنے میں میری مدد کی جائے کہ وہ کو ن تھے اور اب کہاں ہیں ۔ 

اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا جوبائیڈن نے بھارت میں مقیم  بائیڈن خاندان کے کیپٹن بائیڈن کے حوالے سے پہلے بھی بات چیت کی تھی ۔ بھارت میں بائیڈن خاندان کے حوالے سے کچھ دستاویز لایا ہوں ہو سکتا ہے ان سے آپ کے فیملی ٹری میں جو خلا ہے وہ پر ہوسکے ۔  
نریندر مودی نے کہا کہ  میں آپ کے لیے جو دستاویزات لایا ہوں مجھے یقین ہے کہ آپ کو اس سے کافی مدد ملے گی اور آپ بھارت میں بائیڈن فیملی کی تلاش میں کامیاب ہوپائیں گے ۔ 

وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انڈیا اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے پر بائیڈن کی تعریف کی ۔امریکی صدر نے کہا کہ دنیا کی دو بڑی جمہوری حکومتوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے  تو اس سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہوگا ۔