پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ یونیورسل نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی۔خیبر پختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے چوری کی روک تھام اور جعلی گاڑیوں کی نشاندہی بھی ہو سکے گی۔ شہری کہتے ہیں کہ نئے نمبر حاصل کرنے کے بعد بے جا تنگ کرنے اور شک کی نگاہ سے دیکھنے کا سلسلہ ختم ہو جائیگا۔
صوبے بھر میں ستر فیصد سے زائد گاڑیاں پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں رجسٹریشن کروائی جا رہی ہیں۔ اس سے روڈ تو خیبر پختونخوا کے استعمال ہو رہے ہیں لیکن ریونیو دیگر صوبوں کو جا رہا ہے۔ محکمہ ایکسائز نے عوام کو راغب کرنے کیلئے یونیورسل نمبر پلیٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں رجسٹرڈ گاڑیوں کو جہاں صوبے سے باہر شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے وہیں بار بار چیکنگ سے سوار افراد کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عوام نے بھی یونیورسل نمبر پلیٹس کے فیصلے کو خوب سراہا تاہم ان کا کہنا تھا کہ گاڑی خیبر پختونخوا میں رجسٹرڈ کرنے میں کوئی عار نہیں، اگر نئی نمبر پلیٹس پر پولیس کی جانب سے تنگ نہ کیا جائے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق یونیورسل نمبر پلیٹس میں سیکورٹی کے خصوصی فیچرز بھی متعارف کرائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
یونیورسل نمبر پلیٹس سے جہاں صوبے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا وہیں پر سیکورٹی فیچرز سے چوری اور جعلی گاڑیوں کی نشاندہی بھی آسانی سے کی جا سکے گی۔