کراچی: ایک شہری نے سکھر تا حیدر آباد تک موٹروے کی تعمیر میں تاخیر کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
عدالت نے درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو 4 ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
درخواست گزار محمود اختر نقوی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملتان سے حیدر آباد موٹر وے تعمیرات گزشتہ دور حکومت میں مکمل ہونا تھی۔ ملتان سے سکھر موٹروے کچھ سال قبل مکمل کرکے فنکشنل بھی کر دی گئی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سکھر سے حیدر آباد موٹر وے منصوبہ پر کام بند کر دیا گیا ہے۔ مفاد عامہ کے تحت متعلقہ اداروں سے تفصیلات طلب کی جائیں۔