لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی جانب سے کشمیری وکیل بابر قادری کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
فیاض الحسن چوہان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بابر قادری کو کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے آواز اٹھانے کی سزا دی گئی۔ آج کشمیر کا ہر نوجوان برہان وانی اور بابر قادری جیسی نوجوان قیادت کی تلاش میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر قادری نے بھارتی سٹیبلشمنٹ کی جانب سے قتل وغارت گری کو ہر فورم پر بے نقاب کیا۔ ان کیسز میں اجتماعی قبروں، ماوراۓ عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کے کیسز قابلِ ذکر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے متعصب میڈیا پر بابر قادری نے کشمیریوں کے حقوق کی حمایت میں آواز بلند کی جبکہ لائرز کلب کشمیر کے فورم سے پانچ ہزار سے زائد ضرورت مندوں کی مدد کی۔