مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور کو اجاگر کرنے کیلئے وزیراعظم آج جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے

11:05 AM, 25 Sep, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے آن لائن خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرینگے جبکہ مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔

وزیراعظم اپنے تفصیلی خطاب میں کورونا وائرس سے نمٹنے میں پاکستان کی کامیابی، ترقی پذیر ممالک کے لئے قرضوں میں سہولت کے اقدام اور اسلام کے خلاف نفرت پھیلانے کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں عالمی مالیاتی احتساب، شفافیت اور سالمیت بارے میں اعلیٰ سطح پینل کی عبوری رپورٹ کے اجرا کے موقع پر آن لائن خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا تھا کہ بدعنوانی اور دیگر جرائم سے اکٹھی کی گئی دولت سمیت ترقی پذیر ملکوں کے لوٹے ہوئے اثاثے فوری طور پر واپس کرائے جائیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جن ممالک میں یہ دولت رکھی جاتی ہے، ان کے اعلیٰ حکام کو ان مالیاتی اداروں پر فوجداری اور مالیاتی تعزیرات عائد کرنی چاہئیں، جو لوٹا ہوا پیسہ اور اثاثے وصول کرکے ان کا استعمال کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی اور رشوت کے سہولت کاروں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جانی چاہیے جبکہ انھیں جوابدہ بھی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ڈیجیٹل لین دین سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ٹیکس عائد کیا جانا چاہیے جہاں سے یہ آمدن پیدا ہو رہی ہے۔

مزیدخبریں