لندن: برطانیہ میں ایک چوہے کو جانوروں کی خدمات کے اعتراف میں دیئے جانے والے سب سے بڑے سول اعزاز سے نواز دیا گیا ہے۔
ماگاوا نامی اس چوہے نے انسانیت کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیتے ہوئے 39 بارودی سرنگوں اور 28 بموں کا سونگھ پر پتا چلایا اور ان کو ناکارہ بنانے میں مدد فراہم کی۔
اس ذہین چوہے کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے تقریباً 20 فٹبال سٹیڈیم کے سائز کا علاقہ بموں اور بارودی سرنگوں سے کلیئر کروایا۔
ماگاوا کو اس کی خدمات کے صلے میں پی ڈی ایس اے گولڈ میڈل سے نواز گیا ہے۔ یہ ایک سوال ایوارڈ ہے جس کی اہمیت جانوروں کو دیئے جانے والے سب سے بڑے اعزاز جارج کراس اور وکٹوریا گلینٹری میڈلز کے برابر تصور کی جاتی ہے۔
پی ڈی ایس اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ماگاوا انتہائی ہوشیار چوہا ہے۔ یہ ایک ٹینس کورٹ جتنے ایریا کو صرف 30 منٹ میں سونگھ کر کلیئر کر سکتا ہے۔ اگر یہی کام میٹل ڈیٹیکٹر سے لیا جائے تو اس کیلئے چار روز کا وقت درکار ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی چوہے کو جانوروں کو دیئے جانے والے سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز پانے والے تمام جانور 29 کتے تھے۔
ماگاوا کی تنزانیہ میں ٹریننگ کی گئی تھی جس کے بعد اسے اہم مشن کیلئے دنیا میں بارودی سرنگوں کی سب سے بڑی جگہ کہلانے والے ملک کمبوڈیا بھیجا گیا تھا۔ جہاں اس نے یہ کارنامے سرانجام دیئے۔