اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر اخلاقی مواد کو پاکستانی ناظرین کے لیے فوری طور پر بلاک کرے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کے پلیٹ فارم پر موجود نامناسب مواد کے منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا کرنے کو کہا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی پی ٹی اے کی جانب سے ٹک ٹاک کو پاکستانی صارفین کے لیے فحش اور نازیبا اور مواد بلاک کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر مختلف افراد کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد پی ٹی اے کے چیئرمین نے اعلیٰ حکام کے ساتھ آن لائن اجلاس کیا تھا۔
چیئرمین نے ٹک ٹاک حکام پر زور دیا تھا کہ کہ وہ ایسے مواد کی سخت نگرانی کریں ہونی چاہیے تاکہ پاکستان میں غیر اخلاقی ویڈیوز نہ دیکھی جا سکیں۔
اب دوبارہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی حکام نے فوری طور پر قابل اعتراض مواد بارے ٹِک ٹاک سے رابطہ کیا ہے۔
ٹک ٹاک کو ہدایت کی گئی ہے کہ مواد کی مانیٹرنگ اور اسے اعتدال پر رکھنے کے لیے ایک موثر حکمت عملی وضع کرے تاکہ غیر اخلاقی اور نامناسب مواد کو ہٹایا جا سکے بصورت دیگر قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔