میرپور آزاد کشمیر میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری

11:48 AM, 25 Sep, 2019

میرپور آزاد کشمیر میں گذشتہ روز آنے والے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح ساڑھے 9 بجے 3.2 شدت کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ آزاد کشمیر کی انتظامیہ کے مطابق زلزلے میں اب تک 30 سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر میرپور آزاد کشمیر نے بتایا کہ ملبے سے تمام افراد کو نکال لیا گیا جب کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جن کے گھر تباہ ہو گئے ہیں ان کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں، معمولی زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا جب کہ شدید زخمی علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب چئیرمین این ڈی ایم اے نے دس ہلاکتوں کی تصدیق کی اور کہا کہ زلزے کا مرکز جہلم اور میرپور کا علاقہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا ہے، وہ دور دراز کے علاقے نہیں ہیں،بہت جلد وہاں امدادی کارروائیاں شروع کردی جائیں گی جب کہ متعدد علاقوں میں سویلین انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ زلزلے سے میرپور کے ایک قصبے میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔

مزیدخبریں