اسلام آباد:30 سال سے سیاست میں ہوں اربوں روپے سرکار کے بچائے اور کسی شخص نے انگلی نہیں اٹھائی مگر اس طرح کیسز بنانا افسوسناک ہے-
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو دعوت دیتا ہوں ، میرے کیسز کی تفتیش کرے، کیسز سے متعلق میڈیا میں خبریں چلوا کر تضحیک کرنا مناسب نہیں، 30 سال سے سیاست میں ہوں اپوزیشن اور وزارتیں دیکھی ہیں، اگر میرے خلاف انکوائری ہے تو وہ پارلیمنٹ کر لے، اگر کوئی کیس تھا تو تحقیقات کی جاتیں۔
انہوں نے کہا کہ دعوے سے کہتا ہوں اربوں روپے میں نے سرکار کے بچائے اور آج تک کسی شخص نے انگلی نہیں اٹھائی مگر اس طرح کے کیسز بنانا افسوسناک ہے۔یاد رہے کہ نیب نے خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے جس کے لیے نیب سکھر نے مختلف اداروں سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔نیب نے انکوائری میں خورشید شاہ کے صاحبزادے اور داماد کو بھی شامل کیا ہے-