مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز سے جھڑپ میں 4 مجاہدین شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز سے جھڑپ میں 4 مجاہدین شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان دو روز تک جاری رہنے والی جھڑپ میں 4 مجاہدین کو شہید کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کےمطابق بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب مسلح" عسکریت پسندوں" کی موجودگی کی اطلاع کے بعد سیکورٹی اداروں نے سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔

پولیس نے جاری بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 3 مختلف مقامات پر 3 "عسکریت پسندوں "کو ہلاک کیا جس میں ایک مسجد بھی شامل ہے۔بیان میں مزید دعوی کیا گیاا کہ تین "عسکریت پسندوں" کی ہلاکت کے ساتھ دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے، جو بظاہر پاکستانی معلوم ہوتے ہیں۔بھارتی آرمی کے ترجمان کرنل راجیش کالیہ کا کہنا تھا کہ چوتھے "عسکریت پسند "کو علاقے میں مستقل سرچ کے دوران ہلاک کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعے میں 4 شہری اور ایک ہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔ علاوہ ازیں سرینگرشہر کے پانچ تھانوں میں کرفیو نافذ ہے اور علیحدگی پسند رہنماؤں کو ان کے گھروں میں نظر بند کردیا گیا ہے - اس درمیان ہڑتال کے باعث معمولات زندگی مفلوج ر ہے ۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی ایک تفتیشی ایجنسی نے کشمیرکے ایک تاجر رہنما کو طلب کیا ہے جس پر وادی کے تاجروں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور ہڑتال کی کال دی ہے .چیرمین حریت کانفرنس سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یسین ملک نے بھی اس ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے- ہڑتال کی وجہ سے دوکانیں تجارتی مراکز اور اسکول کالج بند رہے ۔ سری نگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر شہروں میں بھی معمولات زندگی مفلوج رہے ۔ دوسری طرف بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران ضلع پلوامہ کے علاقے لالگام ترال کا کریک ڈاؤن کرکے تلاشی کی کارروائیاں کی ہیں۔ بھارتی فوج کی42آر آر ،پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ (SOG) اوربھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) کے اہلکاروں نے مجاہدین کی موجودگی کا بہانہ کرکے لالگام کا محاصرہ کرلیااور گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کردی۔

اس دوران لوگوں کو ایک جگہ جمع کرکے ان کی شناختی بھی پریڈ کرائی گئی۔ بھارتی فوج نے آپریشن آل آؤٹ کے تحت علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا۔علاقے میں تلاشی کارروائی کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا،تاہم سوائے رسوائی کے بھارتی فورسزکے ہاتھ کچھ نہ آیا۔ دریں اثناء ضلع کپواڑہ کے علاقے چک کیگام ہندوارہ میں بھی بھارتی فوج نے جنگل کے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے۔