سیئول: مایہ ناز جنوبی کورئین کمپنی سام سنگ نے فولڈ ایبل فون جسے ممکنہ طور پر گلیکسی ایکس کا نام دیا جائے گا، کو سرٹیفائیڈ کردیا گیا۔
اس ڈیوائس کا ماڈل نمبر ایس ایم۔ جی 8800این 0 ہے اور اس کی سرٹیفائیڈ فائلنگ گزشتہ دنوں کورین نیشنل ریڈیو ریسرچ ایجنسی (این آر آر اے) سے سامنے آئی۔
رپورٹس کے مطابق سام سنگ نے سال 2013 میں لچکدار ڈسپلے پر مشتمل ایک پروٹوٹائپ ماڈل بھی تیار کیا تھا۔ویسے سرٹیفکیشن سے گلیکسی ایکس کے بارے میں کچھ زیادہ تو معلوم نہیں ہوتا مگر گزشتہ دنوں سام سنگ کے موبائل ڈویژن کے سربراہ نے عندیہ دیا تھا کہ کمپنی اگلے سال لچکدار اسکرین والے فون کو متعارف کرانا چاہتی ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کو تیکنیکی رکاوٹوں کا سامنا ہے اور اس وجہ سے ریلیز کی تاریخ کو آگے بھی بڑھانا پڑسکتا ہے۔
گلیکسی ایکس کا ڈیزائن اور فیچرز تو ابھی معلوم نہیں مگر حالیہ مہینوں میں سامنے آنے والے کانیسپٹ اور پیٹنٹ ڈیزائن سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ فون لچکدار اسکرین کے ساتھ ہوگا جس میں ٹیبلیٹ کی خوبیاں بھی ہوں گی۔ویسے ابھی تو یہ بھی مصدقہ نہیں کہ اس کا نام گلیکسی ایکس ہوگا بھی یا نہیں کیونکہ کمپنی اس سے قبل لچکدار اسمارٹ فون کو پراجیکٹ ویلی کا نام بھی دے چکی ہے۔
سام سنگ جب بھی اس لچکدار ڈسپلے والے فون کو ریلیز کرے گی تو وہ بہت محدود تعداد میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فون اگلے سال کی تیسری سہ ماہی میں گلیکسی نوٹ سیریز کے نئے فون سے قبل متعارف کرایا جائے گا۔
سام سنگ کا فولڈ ایبل سمارٹ فون ”گلیکسی ایکس“ سرٹیفائیڈ ہوگیا
06:36 PM, 25 Sep, 2017