اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان پارٹی فنڈنگ کے لیے جوا کھیلتے ہیں اور پھر معصوم بن کر کہتے ہیں جوا نہیں کھیلا، مشورہ دے کر پیسا کمایا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا کہ شیر آئے گا اور سارا پاکستان دیکھے گا نوازشریف نے ہمیشہ آئین اور قانون کا احترام کیا اور قانون کی پاسداری کی تاریخی مثال قائم کی جبکہ ان کے خاندان نے عدالتی فیصلے کے خلاف آئینی اور قانونی راستہ اختیار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کو بھی شریف خاندان کے بنیادی حقوق کا خیال رکھنا ہوگا کیوں کہ انہیں بھی ہر شہری کی طرح تمام قانونی حقوق حاصل ہیں آج منی لانڈرنگ سے اقامے پر ختم ہونیوالے کیس پر قوم سوال کررہی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدالت میں کرپشن کے خلاف نعرے لگانے والے عمران خان خود عدالتوں سے مفرور ہیں وہ اداروں کو گالیاں دیتے ہیں، تضحیک کرتے ہیں اور پھر معافی مانگ لیتے ہیں، پارٹی فنڈنگ کے لئے جوا کھیلتے ہیں اور پھر معصوم بن کرکہتے ہیں جوا نہیں کھیلا تھا بلکہ مشورہ کے پیسے لئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 سال میں اداروں کو کمزور کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا بلکہ ان کی حکومت نے خیبرپختون خوا میں اپنی کرپشن چھپانے کے لئے احتساب کمیشن کو ہی تالا لگا دیا.