لاہور: ٹماٹر کی آسمان سے چھوتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سمجھ میں آگئی ٗ بلوچستان میں فصل خراب ہو گئی
ترجمان محکمہ زراعت شعبہ مارکیٹنگ پنجاب نے کہا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ بلوچستان میں فصل کا خراب ہونا ہے۔خیبرپختونخواہ کی نئی فصل 20 دن میں مارکیٹ میں آجائے گی جس سے ٹماٹر کی قیمت میں کمی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی رسد کو مناسب قیمتوں پرمہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کو ٹماٹر کی کمی کا سامنا رہا جس پر حکومت کو اپنا قیمتی زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا رہا اور صارف کو مہنگی قیمت پر خریدنا پڑتا رہا جس وجہ سے ہمارے ٹماٹر کے کاشتکار کی حوصلہ شکنی ہوتی رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ٹماٹر میں خود کفیل بنانے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی جس کے تحت دوسرے صوبوں کے محکمہ ہائے زراعت کو اس منصوبہ بندی کے بارے آگاہ کیا گیا ، اس پالیسی پر دوسرے صوبوں نے جامع انداز میں عمل کیا ۔ عید الاضحٰی تک ٹماٹر کی قیمت مستحکم رہی لیکن بارشوں کی وجہ سے بلوچستان اور سندھ میں فصل خراب ہوگئی۔