واشنگٹن:ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع بیانات کے بعد امریکا میں نسلی تعصب شدت اختیار کر گیا، سیاہ فام کھلاڑیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہونے سے انکار کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور سیاہ فام کھلاڑیوں میں تنازع شدت اختیار کر گیا۔ لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں جیکسن ویل اور بالٹی مور ریونز کے فٹ بالرز نے ٹرمپ کو کرارا جواب دیا۔
نسلی امتیاز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ترانے کے دوران کھڑے ہونے سے انکار کر دیا۔ امریکی صدر دو دن قبل سیاہ فام فٹ بالرز پر خوب برسے تھے اور ترانے کے دوران کھڑے نہ ہونے والے پلئیرز کو گالی دی تھی۔ باسکٹ بال سٹار اسٹیفن کوری نے امریکی صدر کو کھری کھری سنائی اور کہا کہ ٹرمپ کو ایسی حرکتیں زیب نہیں دیتیں۔