انجیلا مرکل چوتھی بار جرمنی کی چانسلر منتخب ہو گئیں

08:42 AM, 25 Sep, 2017

برلن: انجیلا مرکل انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے چوتھی بار جرمنی کی چانسلر منتخب ہو گئیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں ہونے والے فیڈرل الیکشن میں انجیلا مرکل کی سیاسی جماعت کرسچین ڈیمو کریٹک یونین (سی ڈی یو) اور اس کی اتحادی جماعت کرسچین سوشل یونین نے مجموعی طور پر 32.5 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

ایگزٹ پول کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے 20 فیصد جب کہ مسلم مخالف دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹو فار جرمنی نے 13.5 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ ان انتخابات میں سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی کی مقبولیت میں سب سے زیادہ کمی واقع ہوئی حالانکہ وہ گزشتہ حکومت میں حکمراں جماعت کے ساتھ اتحادی تھی تاہم اب اسے اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنا ہو گا۔

انتخابات سے قبل توقع کی جا رہی تھی کہ الٹرنیٹو فار جرمنی کو زیادہ ووٹ نہیں ملیں گے البتہ وہ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری جس کا مطلب یہ ہے کہ جرمن پارلیمنٹ میں اسے بھی پہلی بار نشست ملے گی۔ انتخابات کے حتمی نتائج آنے کے بعد انجیلا مرکل کو حکومت قائم کرنے کے لیے نئے اتحادیوں کی تلاش ہو گی اور اتحادی حکومت قائم ہونے میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔

انجیلا مرکل 2005 سے اب تک جرمنی کی چانسلر کے عہدے پر فائز ہیں اور انہیں دنیا کی طاقتور ترین خاتون کی فہرست میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں